خواجہ حیدر علی آتش کا اردو کلاسیکی شاعری میں ایک اپنا مقام ہے۔ اور انکا شمار مستند اساتذہ میں ہوتا ہے۔ ساری زندگی بانکے پن سے گزاری کہ مشاعروں میں بھی تلوار لگا کر جاتے تھے۔ کیا خوبصورت شاعری ہے آتش کی، انکی ایک غزل جس کے کئی اشعار ضرب المثل بن چکے ہیں۔

دہَن پر ہیں ان کے گماں کیسے کیسے
کلام آتے ہیں درمیاں کیسے کیسے

زمینِ چَمَن گل کھلاتی ہے کیا کیا
بدلتا ہے رنگ آسماں کیسے کیسے

نہ گورِ سکندر، نہ ہے قبرِ دارا
مٹے نامیوں کے نشاں کیسے کیسے

تمھارے شہیدوں میں داخل ہوئے ہیں
گل و لالہ و ارغواں کیسے کیسے

بہار آئی ہے، نشّہ میں جھومتے ہیں
مُریدانِ پیرِ مُغاں کیسے کیسے

تپِ ہجر کی کاہشوں نے کیے ہیں
جُدا پوست سے استخواں کیسے کیسے

نہ مڑ کر بھی بے درد قاتل نے دیکھا
تڑپتے رہے نیم جاں کیسے کیسے

دل و دیدہِ اہلِ عالم میں گھر ہے
تمہارے لئے ہیں مکاں کیسے کیسے

توجہ نے تیری ہمارے مسیحا
توانا کیے ناتواں کیسے کیسے

غم و غصہ و رنج و اندوہ و حرماں
ہمارے بھی ہیں مہرباں کیسے کیسے

تری کلکِ قدرت کے قربان آنکھیں
دکھائے ہیں خوش رو جواں کیسے کیسے

کرے جس قدر شکرِ نعمت، وہ کم ہے
مزے لوٹتی ہے، زباں کیسے کیسے

————

بحر - بحر متقارب مثمن سالم

افاعیل - فَعُولُن فَعُولُن فَعُولُن فَعُولُن

اشاری نظام - 221 221 221 221

تقطیع -

دہَن پر ہیں ان کے گماں کیسے کیسے
کلام آتے ہیں درمیاں کیسے کیسے

دہن پر - فعولن - 221
ہِ ان کے - فعولن - 221
گما کے - فعولن - 221
سِ کیسے - فعولن - 221

کلا ما - فعولن - 221
تِ ہے در - فعولن - 221
میا کے - فعولن - 221
سِ کیسے - فعولن - 221

اساتذہ کی زمین میں غزلیں کہنا عام بات ہے، غالب نے جہاں فارسی شاعری میں فارسی شاعری کے اساتذہ کی زمینیں استعمال کی ہیں، ایک غزل سودا کی زمین میں بھی کہی ہے۔

غالب کی غزل “جہاں تیرا نقشِ قدم دیکھتے ہیں” ایک شاہکار ہے تو سودا کی غزل بھی بہت خوبصورت ہے:

گدا، دستِ اہلِ کرَم دیکھتے ہیں
ہم اپنا ہی دم اور قدم دیکھتے ہیں

نہ دیکھا جو کچھ جام میں جَم نے اپنے
سو اک قطرۂ مے میں ہم دیکھتے ہیں

یہ رنجش میں ہم کو ہے بے اختیاری
تجھے تیری کھا کر قسم دیکھتے ہیں

غَرَض کفر سے کچھ، نہ دیں سے ہے مطلب
تماشائے دیر و حرم دیکھتے ہیں

خدا دشمنوں کو نہ وہ کچھ دکھاوے
جو کچھ دوست اپنے سے ہم دیکھتے ہیں

مگر تجھ سے رنجیدہ خاطر ہے سودا
اسے تیرے کوچے میں کم دیکھتے ہیں

(مرزا رفیع سودا)

بحر - بحر متقارب مثمن سالم

افاعیل - فَعُولُن فَعُولُن فَعُولُن فَعُولُن

تقطیع:

گدا، دستِ اہلِ کرَم دیکھتے ہیں
ہم اپنا ہی دم اور قدم دیکھتے ہیں

گدا دس - فعولن
تِ اہلے - فعولن
کَرم دے - فعولن
ک تے ہے - فعولن

ہَ مپ نا - فعولن
ہِ دم ار - فعولن
قدم دے - فعولن
ک تے ہے - فعولن

علامہ اقبال کی پیامِ مشرق سے ایک خوبصورت نظم پیشِ خدمت ہے جو مجھے بہت زیادہ پسند ہے۔ اقبال کی فکر اس میں عروج پر ہے اور جہاں خدا کی زبانی انسان کی ‘ہوس’ کو ظاہر کیا ہے وہیں تصویر کا دوسرا رخ بھی دکھایا ہے اور انسان کی محنت اور عظمت بھی بیان کی ہے۔ اقبال کا ‘انسان’ اور ‘انسانیت’ پر ایمان اور اور انسان کا کائنات سے رشتہ بھی اس نظم سے واضح ہوتا ہے۔

محاورہ مابین خدا و انسان

(خدا اور انسان کے درمیان مکالمہ)

خدا

جہاں را ز یک آب و گِل آفریدم
تو ایران و تاتار و زنگ آفریدی
(میں نے یہ جہان ایک ہی پانی اور مٹی سے پیدا کیا تھا، تو نے اس میں ایران و توران و حبش بنا لیے۔)

من از خاک پولادِ ناب آفریدم
تو شمشیر و تیر و تفنگ آفریدی
(میں نے خاک سے خالص فولاد پیدا کیا تھا، تو نے اس سے شمشیر و تیر و توپ بنا لیے۔)

تبر آفریدی نہالِ چمن را
قفس ساختی طائرِ نغمہ زن را
(تو نے اس سے چمن کے درخت کاٹنے کیلیے کلہاڑا بنا لیا، نغمہ گاتے ہوئے پرندوں کیلیے قفس بنا لیا۔)

انسان

تو شب آفریدی، چراغ آفریدم
سفال آفریدی، ایاغ آفریدم
(تو نے رات بنائی میں نے چراغ بنا لیا۔ تو نے مٹی بنائی میں نے اس سے پیالہ بنا لیا۔)

بیابان و کہسار و راغ آفریدی
خیابان و گلزار و باغ آفریدم
(تو نے بیابان، پہاڑ اور میدان بنائے۔ میں نے اس میں خیابان، گلزار اور باغ بنا لیے۔)

من آنم کہ از سنگ آئینہ سازم
من آنم کہ از زہر نوشینہ سازم
(میں وہ ہوں کہ پتھر سے آئینہ/شیشہ بناتا ہوں، میں وہ ہوں کہ زہر سے شربت/تریاق بناتا ہوں۔)

بحر - بحر متقارب مثمن سالم

افاعیل - فَعُولُن فَعُولُن فَعُولُن فَعُولُن

تقطیع:

جہاں را ز یک آب و گِل آفریدم
تو ایران و تاتار و زنگ آفریدی

جہا را - فعولن
ز یک آ - فعولن
ب گل آ - فعولن
ف ریدم - فعولن

تُ ایرا - فعولن
ن تاتا - فعولن
ر زن گا - فعولن
ف ریدی - فعولن